پروڈکشن مینجمنٹ کیوں ضروری ہے؟




ہر کاروباری ادارہ اپنی کارکردگی اور منافع کے معاملے

میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔  پیداواری یا production کی سرگرمیاں آپ کی کارکردگی اور منافع کو طے کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تقریباً ہر کمپنی میں کوئی نہ کوئی پروڈکشن لازمی ہوتی ہے، اور بزنس مینجر کی بھرپور کوشش ہوتی ہے کہ اس کا بزنس کام کے اخراجات کو کم سے کم کر کہ بہترین کارکردگی دکھا سکے۔ کسی بھی کاروبار میں production کی بہتر منصوبہ بندی اور مسلسل نگرانی، کاروباری اہداف کے حصول کی ضامن ہوتی ہے۔ اس منصوبہ بندی اور نگرانی کے عمل کوہی production management کہا جاتا ہے۔ 

آئیں جانتے ہیں کہ 


1- پروڈکشن مینجمنٹ کیا ہوتی ہے؟

2- پروڈکشن مینجمنٹ میں اہم کام کون سے ہیں؟ 

3- ایک پروڈکشن مینجر کی کیا ذمےداری ہوتی ہے؟

4- اچھی یا بری پروڈکشن مینجمنٹ کا آپ کے کاروبار پر کیا اثر ہوتا ہے؟


1- پروڈکشن مینجمنٹ کیا ہوتی ہے؟



دوستو۔۔! پروڈکشن مینجمنٹ دراصل فیصلہ سازی کا عمل ہے۔ یہ فیصلے کسی بھی کاروبار میں پروڈکشن کے مراحل سے متعلق ہوتے ہیں۔ ان فیصلوں کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ کم سے کم وسائل کو استعمال کر کہ مطلوبہ معیار کی اشیاء کو بنایا جا سکے۔ یوں سمجھ لیجیے کہ پروڈکشن مینجمنٹ کا اصل مقصد یہ ہے کہ مینجمنٹ کے بنیادی کاموں، پلاننگ، آرگنآئزنگ، لیڈنگ اور کنٹرولنگ کا اطلاق پروڈکشن مراحل پر کیا جائے۔ تاکہ اچھی مینجمنٹ کے نتیجے میں وسائل کا ضیاع جتم ہو سکے اور کم سے کم لاگت اور وسائل میں زیادہ سے زیادہ اور معیاری پروڈکشن کی جا سکے۔ 


2- پروڈکشن مینجمنٹ میں اہم کام کون سے ہیں؟


پروڈکشن دراصل خام مال کو تیار اشیاء میں تبدل کرنے کا عمل ہوتا ہے لہذا پروڈکشن مینجمنٹ میں تین طرح کے فیصلے لیے جاتے ہیں۔

پیداواری وسائل کیا ہوں گے؟ 

پروڈکشن کا طریقہ کیا ہوگا؟ 

اور اس طریقہ کار کی نگرانی کس طرح کی جائے گی؟


پیداواری وسائل



کسی بھی کاروبار کو اپنی اشیاء یا پروڈکٹ بنانے کے لیے جس بھی چیز کی ضرورت ہوتی ہے وہ پیداواری وسائل کہلاتی ہے۔ اس میں اہم معاملات فیکٹری، کارخانہ یا پروڈکشن یونٹ کی لوکیشن کا تعین، جگہ کا حصول، مشینری یا پلانٹ کی خریداری اور فٹنگ، اس کے علاؤہ خام مال کی آسان دستیابی، اور ہنر مند افرادی قوت کا حصول ہوتے ہیں۔ 

 

پروڈکشن کا طریقہ کیا ہوگا؟



پروڈکشن وہ عمل ہے جس میں خام مال کو تیار اشیاء میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ یہ طریقہ اس طرح کا ہوں چاہیے کہ پروڈکٹ بھی مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق تیار ہو اور کمپنی کے پیداواری اہداف بھی پورے ہوں۔ آپ کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ  پروڈکٹ تیار کرنے کے طریقے کی نوعیت کیا ہوگی۔ کیا آپ ایک ہی پروڈکٹ کو وسیع پیمانے ( mass production) پر بنانا چاہتے ہیں؟ یا ہر طرح کی ورائٹی ( customize production ) تیار کرنا چاہتے ہیں. دوسرا آپ کو یہ فیصلہ کرنا ہوتا ہے کہ آپ کے خام مال سے ایک یونٹ تیار ہونے کا اوسط وقت کیا ہوگا۔ تیسرا یہ کہ پروڈکشن کتنے مراحل میں ہوگی۔  ان مراحل کی اسمبلی کیسے بنے گی۔ کس مرحلے پر کتنی افرادی قوت درکار ہوگی۔ 


پروڈکشن کے طریقہ کار کی نگرانی



پروڈکشن مینجمنٹ میں تیسرا اہم اور بنیادی کام، پروڈکشن کے طریقہ کار کی نگرانی ہے۔ اس میں پروڈکشن کے تمام مراحل کا مسلسل جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس کام کا اصل ہدف یہ ہوتا ہےکہ پہلے طے شدہ معیاری پیمانوں کے مطابق پروڈکشن ہو۔ یہ معیاری پیمانے عموماً تین طرح کے ہوتے ہیں۔ اشیاء کتنی مقدار میں تیار ہوں گی، تیار شدہ اشیاء کی کوالٹی کیا ہوگی، اور یہ اشیاء کتنے وقت میں تیار ہونگی۔ اس نگرانی میں مشینری یا پلانٹ کی دیکھ بھال اور لیبر کے لیے حفاظتی انتظامات بھی شامل ہوتے ہیں۔ 



٣-ایک پروڈکشن مینجر کی بنیادی ذمےداریاں



ہم پہلے یہ بات کر چکے ہیں کہ پروڈکشن مینجمنٹ دراصل ایسی فیصلہ سازی کا عمل ہے جس میں مینجمنٹ یا منصوبہ بندی کے بنیادی اصولوں جیسے پلاننگ، آرگنائزنگ، لیڈنگ اور کنٹرولنگ کا اطلاق پیداواری سرگرمیوں پر کیا جاتا ہے۔ ایک پروڈکشن مینجر کو یہ کام انجام دینا ہوتا ہے۔ پروڈکشن مینجر کا ٹارگٹ یہ ہوتا ہے کہ وہ وسائل کے ضیاع کو کم سے کم رکھتے ہوئے بہترین معیار کی پروڈکشن کروانے۔ اپنی مینجمنٹ کا بہتر رزلٹ لینے کے لیے پروڈکشن مینجر کو کچھ بنیادی ذمےداریاں نبھانی ہوتی ہیں۔ 


کارخانہ یا پروڈکشن یونٹ کے لیے درست جگہ کا انتخاب

فیکٹری کارخانہ یا پلانٹ کی جگہ کا تعین کرنے میں 3 بنیادی عوامل شامل ہوتے ہیں۔ ایسی جگہ کا انتخاب کیا جائے جہاں خام مال باآسانی دستیاب ہو سکے، آپ کے کام کے لیے ہنر مند افرادی قوت یا لیبر میسر ہوسکے، اور تیار شدہ مال کم سے کم وقت میں مارکیٹ میں بھیجا جاسکے۔ بجلی، گیس، راستہ یا سڑک، اور امن و امان کی بہتر صورت حال بھی فیکٹری کی جگہ کے انتخاب میں بہت ضروری ہوتے ہیں۔ 


کارخانہ یا فیکٹری کی ترتیب

کسی بھی پروڈکشن یونٹ میں، پلانٹ یا مشینری، خام مال کے سٹور، تیار مال کی پیکنگ کی جگہ، تیار مال کے گودام، ورکشاپ، دفاتر اور کبھی کبھار لیبر کے رہائشی بلاک بھی ہوتے ہیں۔ ایک پروڈکشن مینجر کی یہ ذمےداری بھی ہے کہ ان تمام عمارتوں کی ترتیب اس طرح سے سیٹ کرے کہ وسائل کی ضیاع بھی کم سے کم ہو اور وقت کی بھی زیادہ سے زیادہ بچت ہو۔ 


پروڈکشن کا طریقہ کار

پروڈکشن مینجر کے لیے یہ طے کرنا بہت ضروری ہے کہ خام مال کو تیار مصنوعات میں تبدیل کرنے کا طریقہ کار کیا ہوگا۔ مصنوعات ایک ہی دفع میں پروسس ہو جائیں گی یا اس کے مراحل ہونگے۔ مثلآ بعض اشیاء سادہ نوعیت کی ہوتی ہیں لیکن بعض اشیاء بکئی مراحل سے گزر کر تیار ہوتی ہیں۔  کونسی جدید ٹکنالوجی سے ان مراحل کو آسان اور بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ 


خام مال و اشیاء کی سٹوریج اور ترسیل

آپ کو کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ کتنی مقدار میں خام مال سٹور کرنا چاہیے؟ خام مال اپنے سٹور سے پلانٹ تک کس محفوظ طریقے سے جا سکتا ہے؟ یہ وہ معاملات ہیں جو ایک پروڈکشن مینجر کو ہی حل کرنا ہوتے ہیں۔ اس کے علاؤہ تیار اشیاء کی پیکنگ یونٹ، سٹوریج اور بلآخر مارکیٹ تک بحفاظت ترسیل کا طریقہ کار بھی وضاح کرنا اچھی پروڈکشن مینجمنٹ کے لیے ضروری ہے۔ 


پلاننگ اور کنٹرولنگ

پروڈکشن میں پلاننگ سے مراد ہے ٹارگٹ سیٹ کرنا، پروڈکشن کتنے بجے شروع ہوگی۔ کتنے بجے مکمل ہوگی۔ اس دورانیے میں کتنے مراحل ہونگے۔ کس مرحلے پر کتنا وقت لگے گا۔ خام مال سے ایک یونٹ تیار کرنے کا اوسط وقت کتنا ہونا چاہیے۔  کنٹرولنگ میں اس بات کو لازم کیا جاتا ہے کہ پروڈکشن طے شدہ معیار اور اشیاء کی نوعیت، کوالٹی اور مقدار آرڈرز کے مطابق تیار ہو۔ کنٹرولنگ کا مقصد پروڈکشن میں کسی قسم کی کوتاہی یا کمی کے امکانات کو کم سے کم کرنا ہے۔ 


سسٹم کی بحالی یا مینٹیننس

بحالی یا مینٹیننس صرف پلانٹ اور مشینری کی حد تک نہیں ہوتی، بلکہ پورے پروڈکشن سسٹم کو مینٹین رکھا جاتا ہے۔ مشینری کی دیکھ بھال کے لئے مسلسل رپورٹنگ کو مکمل کیا جاتا یے، لاگ بک بنائی جاتی ہے۔ معمولی دیکھ بھال کے ساتھ سال میں ایک یا دو مرتبہ مکمل تفصیلی دیکھ بھال بڑے چرچے سے بچا لیتی ہے۔ مشینری کے علاوہ لیبر کے کام کے اوقات کی پابندی اور کام کے معیار کو یقینی بنانا بھی مینٹیننس یا بحالی ہی کے زمرے میں آتا ہے اور پروڈکشن مینجمنٹ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ 


کوالٹی کنٹرول

کوالٹی کنٹرول کا مطلب ہے تیار اشیاء کے معیار کو مستقل طور پر قائم رکھنا۔ وقت کے ساتھ ناصرف مشین کی کارکردگی میں کچھ نا کچھ فرق آ جاتا ہے بلکہ آپ کے ورکر بھی کام میں ایک جیسی دلچسپی نہیں رکھتے۔ اس کی وجہ سے پروڈکشن کی کوالٹی بہت متاثر ہو سکتی ہے۔ کوالٹی کنٹرول کے لیے آپ کو پروڈکشن کے مختلف مراحل پر چیک پوائنٹس لگانے پڑتے ہیں، تاکہ کس بھی مرحلے پروڈکٹ اور لیبر کی کارکردگی دونوں کو جانچا جا سکے اور کوالٹی کو قائم رکھا جا سکے۔ 


پروڈکشن مینجمنٹ کے آپ کے کاروبار پر اثرات

کاروباری اہداف کا حصول

آپ کے کاروباری اہداف کا حصول پروڈکشن مینجمنٹ کے بغیر ممکن ہی نہیں۔ آپ مارکیٹ میں اچھے معیار کی مصنوعات دینا چاہتے ہیں، زیادہ گاہکوں کو متوجہ کرنے کے لیے زیادہ ورائٹی دینا چاہتے ہیں، یا اپنے مدمقابل کے نسبت کم قیمت آفر کرنا چاہتے ہیں۔ ہر صورت اچھی پروڈکشن مینجمنٹ آپ کے کاروباری اہداف کے حصول کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ 


بہتر منافع کا حصول

پروڈکشن مینجمنٹ کی مدد سے آپ اپنی مصنوعات کی کوالٹی بہتر کرتے ہیں، اس سے آپ اپنے مدمقابل کی نسبت بہتر کاروبار کرتے ہیں۔ اچھی پروڈکشن مینجمنٹ سے اشیاء کی کوالٹی میں بہتری سے ایک طرف تو آپ اپنی پروڈکٹ کے اچھے دام premium price لے سکتے ہیں تو دوسری طرف آپ کی یہ پروڈکشن مینجمنٹ آپ کی لاگت کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اور یہ دونوں باتیں کسی بھی کاروبار کے بہتر منافع کے لیے بہت اہم ہیں۔ 


کاروباری ساکھ

اچھی پروڈکشن مینجمنٹ سے آپ ناصرف کوالٹی کو بہتر کر سکتے ہیں۔ بلکہ مسلسل نگرانی اور آرڈرز کے مطابق پروڈکشن کی وجہ سے آپ اچھی کسٹمر سروس بھی دے سکتے ہیں۔ مصنوعات کا معیاری ہونا اور آرڈرز کو ان کے وقت پر مکمل کرنے سے آپ کے کاروبار کی ساکھ میں بہت مثبت بہتری آتی ہے اور اس کے برعکس بری پروڈکشن مینجمنٹ کاروباری ساکھ کو بہت نقصان پہنچا سکتی ہے۔ 


کاروباری مقابلے میں مدد

جوں جوں انسان ترقی کر رہا ہے، نئی ایجادات نے جہاں لوگوں کے لیے کاروبار کرنا آسان کردیا ہے وہیں زیادہ لوگوں کے کاروبار میں آنے سے مقابلے کی دوڑ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ اس مقابلے میں پروڈکشن مینجمنٹ ایک بہت طاقتور ہتھیار ہے۔ اس سے آپ اپنی مصنوعات کی لاگت کم کر کہ بہتر قیمت آفر کر سکتے۔ اس کے علاؤہ آپ مارکیٹ میں رائج قیمت میں دوسروں سے بہتر کوالٹی بھی آفر کر سکتے ہیں۔ اچھی پروڈکشن مینجمنٹ سے آرڈرز کو وقت پر اور ڈیمانڈ کے مطابق تیار کرنے سے آپ کا کاروبار مارکیٹ میں اچھی کسٹمر سروس دے سکتا ہے۔ 


پروڈکشن اور مصنوعات میں جدت

اچھی پروڈکشن مینجمنٹ کے نتیجے میں آپ اپنے پروڈکشن کے طریقہ کار پر غور کرتے ہیں۔ آپ اپنی مصنوعات کی تیاری پر مسلسل توجہ دیتے ہیں۔ اس سے آپ اپنے طریقہ کار اور مصنوعات دونوں کو زیادہ سے زیادہ بہتر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ خوب سے خوب تر کی یہ تلاش آپ کے پلانٹ اور مصنوعات میں جدت کا بھی باعث بنتی ہے۔


ملکی معیشت میں بہتری

اچھی پروڈکشن مینجمنٹ آپ کے کاروبار کو اس قابل بنا دیتی ہے کہ وہ کم سے کم وسائل کے استعمال سے زیادہ سے زیادہ بہتر اور زیادہ اشیاء تیار کر سکتا ہے۔ اگر ہر کاروبار یا زیادہ کاروبار پروڈکشن مینجمنٹ پر توجہ دیں تو ملک میں وسائل کے ضیاع کو بہت حد تک روکا جا سکتا ہے۔ کم وسائل سے اچھی پروڈکشن کرنے پر ملکی معیشت پر بہت مثبت اثر پڑے گا۔ 


اگر آپ پروڈکشن مینجمنٹ کے بارے میں مزید معلومات یا کچھ تجربات رکھتے ہیں تو دوستوں کے علم میں اضافے کے لیے کمنٹ باکس باکس میں ضرور شئیر کریں۔ 





 


 

 

 





Comments

  1. Algunos usan chatbots, WhatsApp bots, formularios de contacto desde el sitio web, agendamiento electrónico y por supuesto agendamiento mediante marcaciones a la línea telefónica.
    WhatsApp bots

    ReplyDelete

Post a Comment

if you have any query, please let me know

Popular posts from this blog

How to scale your business

Three alarms can change your life for ever...! (Work smart)

How to get orders on Fiverr?