Competitive Advantage URDU

آپ کو یاد ہے۔۔۔! جب آخری دفعہ آپ نے اپنے لیے کوئی ٹوتھ پیسٹ یا کوئی بھی سامان خریدا۔ آپ نے ایک خاص ٹوتھ پیسٹ ہی کیوں خریدا؟ جبکہ دوکان میں اور بھی بہت سارے ٹوتھ پیسٹ پڑے تھے۔ ایسا اس لیے ہوا کہ آپ اس خاص ٹوتھ پیسٹ سے مطمئن ہیں۔ یہ اطمینان ہی وہ وجہ ہے کہ آپ بہت سارے آپشنز میں سے کسی ایک کمپنی کی پروڈکٹ کو خریدتے ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ آپ اپنی گاڑی کا کام بھی کسی مخصوص ورکشاپ سے کراتے ہیں، آپ اپنے بال بھی اپنے ہی منتخب کردہ حجام سے بنواتے ہیں۔ کسی بھی کاروبار کی کوئی بھی ایسی خاصیت جس کی وجہ سے کوئی گاہک اس کی پروڈکٹ یا سروس کو خرید لیتا ہے اس کاروبار کی اپنے جیسے دوسرے کاروبار کے مقابلے میں ایک سبقت ہوتی ہے۔ کیونکہ یہ سبقت اس کاروبار کو فائدہ دیتی ہے، اسلئے اس کو مسابقتی فائدہ یا Competitive Advantage کہتے ہیں۔ 




جی دوستو۔۔! آئیے اس انتہائی اہم کاروباری معاملے کو جانتے ہیں۔ ہم بات کریں گے کہ


مسابقتی فائدہ یا competitive advantage کیا ہوتا ہے؟ 


یہ Competitive Advantage کتنی اقسام کا ہو سکتا ہے؟


اپنے کاروبار یا کمپنی کا Competitive Advantage کیسے تلاش کریں؟

 


اپنے کاروبار میں competitive advantage کو حاصل کرنے کے لیے آپ کیا منصوبہ بندی کر سکتے ہیں؟



مسابقتی فائدہ یا competitive advantage کیا ہوتا ہے؟

 

کسی بھی کاروبار کا Competitive Advantage دراصل اس کاروبار کی ہر وہ خاصیت ہوتی ہے جس کی وجہ سے کوئی گاہک اس کاروبار یا کمپنی، کو اس کے مقابلے میں دوسرے کاروبار یا کمپنی پر، ترجیح دیتا ہے۔ 

ایک ایسی کمپنی یا کاروبار جس کے پاس Competitive Advantage ہوتا ہے وہ اپنے گاہکوں کو اپنی پروڈکٹ یا سروس میں دوسرے کاروبار کے مقابلے میں کچھ الگ دیتا ہے۔ یا تو وہ اسی قیمت میں کچھ ایکسٹرا کوالٹی یا مقدار دیتا ہے یا پھر وہ کوالٹی یا مقدار نسبتاً کم قیمت میں دیتا ہے۔ لاہور میں ایک مقامی گروسری سٹور نے انڈوں کا ریٹ تو فی درجن مارکیٹ والا ہی رکھا لیکن ساتھ لکھ دیا " ہمارے درجن میں 13 انڈے ہیں" آپ کے کاروبار میں Competitive Advantage صرف  آپ کے گاہکوں میں ہی اضافہ نہیں کرتا بلکہ یہ آپ کے مدمقابل کاروبار کو آپ کی مارکیٹ میں آنے سے بھی روکتا ہے۔ آپ کی کسی امتیازی پیشکش یا انفرادی خصوصیت کی وجہ سے جو گاہک آپ کے ساتھ منسلک ہیں وہ دوسرے کاروبار کی طرف نہیں جاتے۔ لیکن یہ دھیان رکھنا بہت ضروری ہے کہ یہ امتیازی پیشکش اتنی منفرد ہو کہ دوسرا کوئی کاروبار آسانی سے اس کا توڑ نہ کر سکے۔ کاروباری ماہرین کا خیال ہے کہ ایسی پیشکش جسے آپ کے کاروباری مدمقابل باآسانی نقل کر لیں آپ کے لیے competitive advantage نہیں ہے۔ 


اس انفرادی خصوصیت یا competitive advantage  کی ہی وجہ سے آپ کے کاروبار کی کارکردگی مارکیٹ میں اپنے مدمقابل کی نسبت اچھی رہتی ہے۔  مختلف کمپنیوں کا competitive advantage مختلف طرح کا ہوتا ہے  مثلاً


بعض پلانٹ ایسی جگہ ہوتے ہیں جہاں خام مال سستا اور باآسانی دستیاب ہو، بعض کاروبار شہر کی پر ہجوم مارکیٹ میں ہوتے ہیں۔


 کوئی فیکٹری ایسی جگہ ہو سکتی ہے جہاں بجلی کی سہولیات بہتر ہوں یا سامان کی نقل و حرکت آسان ہو۔ ایسی تمام صورتوں میں آپ دوسروں کے مقابلے میں سستا مال بنا سکتے ہیں، 


آپ کا تجربہ کار اور محنتی سٹاف آپ کو دوسروں کی نسبت سستا اور معیاری سامان بنانے میں مدد دیتا ہے۔ 


دوسروں کے مقابلے میں زیادہ جدید پلانٹ اور بہتر ٹیکنالوجی سے آپ کی پروڈکٹ کی کوالٹی بہتر اور لاگت کم ہو جاتی ہے۔ 


اچھے ڈسٹریبیوٹرز آپ کو مارکیٹ سے متعلق بروقت اور درست معلومات بھی دیتے ہیں بلکہ نئے گاہک بنانے میں بھی مدد کرتے ہیں۔ 


اگر آپ خود ڈسٹریبیوشن کے کاروبار میں ہیں تو کسی پروڈکٹ کا سول ڈسٹریبیوٹر ہونا بھی اچھا competitive advantage ہے


بڑے پیمانے پر پروڈکشن کی صلاحیت ناصرف پیداواری لاگت کو کم کرتی ہے بلکہ آپ کی آرڈر سپلائی کو بھی دوسروں کے مقابلے میں بہتر بناتی ہے 


بہت سے کاروبار یہ صلاحیت رکھتے ہیں کہ گاہک کی مرضی کے مطابق پروڈکٹ یا سروس دے سکیں۔ ان میں ریسٹورینٹ سب سے اچھی مثال ہیں۔ 


آپ کی کاروباری ساکھ اور آپ کو برانڈ بھی ایک Competitive Advantage ہیں۔ گاہک جس برانڈ کو پسند کریں وہ خود بھی اس کے لیے مارکیٹنگ کرتے ہیں۔ 


آپ کا کاروباری تجربہ بھی آپ کی کارکردگی کو دوسروں کے مقابلے میں بہتر بناتا ہے


اچھی کسٹمر سروس اور مطمئن گاہک کسی بھی کاروبار کا سب سے بڑا Competitive Advantage ہوتا ہے۔ 


  Competitive Advantage کی اقسام

 

آپ کے کاروبار یا بزنس میں کئی طرح کا  Competitive Advantage ہو سکتا ہے لیکن بنیادی طور پر اس کی تین اقسام ہیں۔ 


1- تقابلی فائدہ  comparative advantage

2- تفریقی فائدہ   differential advantage

3- طاق فائدہ             niche advantage


تقابلی فائدہ یا Comparative Advantage




 تقابلی فائدے کا مطلب ہے وہ Competitive Advantage جس میں آپ کا کاروبار اپنے مدمقابل کے مقابلے میں کچھ بہتر پیشکش کرے۔ اس کے دو طریقے ہیں۔ ایک تو یہ آپ کی پروڈکٹ یا سروس کی قیمت تو مارکیٹ والی ہے لیکن کوالٹی دوسرے کاروبار کے مقابلے میں بہت بہتر ہے۔ اور دوسرا یہ کہ آپ کی پروڈکٹ یا سروس کی کوالٹی تو مارکیٹ میں کسی بھی دوسری پیشکش کے برابر ہی ہے لیکن آپ کی پروڈکٹ کی قیمت اپنے مدمقابل سے بہت کم ہے۔ دونوں میں سے کوئی بھی صورت ہو اصل بات یہ ہے کہ کاہگ جب بھی آپ کی اور آپ کے مدمقابل کی پروڈکٹ یا سروس کا تقابلی جائزہ لے تو وہ آپ سے بزنس کرنے کو ترجیح دے۔ بڑے حجم کی کمپنیاں یا کاروبار اس قسم کا Competitive Advantage آسانی سے حاصل کر سکتیں ہیں۔ کیونکہ بڑے پیمانے پر خام مال کی خریداری اور وسیع پروڈکشن کی وجہ سے ان کی پیداواری لاگت نسبتاً کم ہو جاتی ہے۔ اس طرح یہ کمپنیاں یا تو اپنی مصنوعات کی قیمت کم کر دیتی ہیں یا پھر اسی قیمت میں کچھ اضافی مقدار یا کوالٹی کی پیشکش کر کہ Competitive Advantage حاصل کرتی ہیں۔  صرف کوالٹی یا قیمت کے تقابل کا ذکر مثال دینے کے لیے ہی کیا ہے۔ اصل معاملہ یہ ہے اوپر Competitive Advantage کی جتنی بھی مثالیں بیان کی ہیں آپ سب میں اپنے مدمقابل کے خلاف تقابلی فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔ اکثر ٹوتھ پیسٹ خریدنے پر کچھ کمپنیاں آپ کو ساتھ میں فری ٹوتھ برش بھی دیتی ہیں۔ اسی طرح کچھ پروڈکٹس میں مارکیٹ کی قیمت میں 10٪ یا 20٪ زائد یا ایکسٹرا مقدار کی پیشکش بھی comparative advantage کی ہی مثالیں ہیں۔ 


تفریقی فائدہ یا   differential advantage




تفریقی فائدہ یا differential advantage کا مطلب ہے کہ آپ اپنے گاہکوں کے لیے کوئی ایسی پیشکش رکھتے ہوں جو آپ کے مدمقابل کاروبار سے مختلف ہو۔ تقابلی فائدہ کے برعکس تفریقی فائدہ کی وجہ سے گاہک آپ کے ساتھ اس لیے بزنس کرتا ہے کہ آپ کی پیشکش یا پروڈکٹ سروس دوسرے لوگوں سے مختلف ہے۔ تفریقی فائدہ حاصل کرنے کے لیے آپ کو اپنے گاہک کی ضروریات پر بہت زیادہ ریسرچ کی ضرورت ہوتی ہے۔ آپ کا مقصد اپنی پروڈکٹ یا سروس میں ایسی چیزوں کو شامل کرنا ہے جو گاہک کی ضرورت تو ہوں لیکن کوئی دوسرا کاروبار اس پر توجہ نہ دے رہا ہو۔ جب گاہک کو کوئی ایسی آفر ملے گی جو اسے کہیں اور سے نہیں مل رہی تو وہ کسی قسم کا تقابلی جائزہ کیے بغیر ہی آپ سے کاروبار کرے گا۔ تفریقی فائدہ یا differential advantage حاصل کرنے کے لیے وسائل سے زیادہ مارکیٹ اور اپنے گاہک کا بہتر علم ہونا بہت ضروری ہے۔ ایسی کمپنیاں یا کاروبار جو مارکیٹ ریسرچ اور معلومات پر زیادہ دھیان دیتے ہیں وہ کوئی نہ کوئی ایسا خاص فرق تلاش کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ جسے اپنی پروڈکٹ یا سروس میں شامل کرنے سے وہ differential advantage حاصل کر سکیں۔ ہمارے ہاں اکثر ریسٹورینٹس مختلف اقسام کی نئے نئے کھانے آفر کرتے ہیں اور قیمتوں میں بھی مقابلہ کرتے ہیں، اور تقابلی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ لیکن کچھ ریسٹورینٹ اس کے ساتھ ساتھ وائی فائی کی سہولت، بچوں کے لیے کھیلنے کی جگہ یا چھوٹا سا چڑیا گھر بنا کر گاہکوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں، اس طرح کی مختلف لکین کسٹمرز کی ضرورت کے مطابق پیشکش differential advantage کی ہی مثالیں ہیں۔ 


طاق فائدہ niche advantage




طاق فائدہ یا niche advantage کا مطلب ہے پوری مارکیٹ کی بجائے گاہکوں کے ایک طاق گروہ کے لیے پروڈکٹ یا سروس پیش کرنا۔ مثلآ کوئی بک سٹور طالب علموں کے لئے خاص ڈسکاؤنٹ آفر کر دیتا ہے۔ اکثر چھوٹے اور کم وسائل والے کاروبار بڑی کمپنیوں سے مقابلے کے لیے طاق فائدہ حاصل کرتے ہیں۔ niche advantage حاصل کرنے کے لیے آپ اپنی مہارت تجربہ اور وسائل کے اعتبار سے مارکیٹ میں کسی ایسے گروہ کا انتخاب کرتے ہیں جن کی ضروریات مارکیٹ سے کچھ مختلف لیکن آپس میں ملتی ہیں۔ niche advantage کو focus advantage بھی کہتے ہیں۔  بڑے کاروبار جب پوری مارکیٹ کو سروس دینے لیے اپنی پروڈکٹ ڈیزائن کرتے ہیں تو یقیناً کچھ مخصوص گروہ اپنی ضروریات کے حوالے سے نظر انداز ہو جاتے ہیں۔ چھوٹے کاروبار ایسے ہی گروہوں پر فوکس کرتے ہیں اور ان کی ضروریات کے مطابق خاص قسم کی کوالٹی اور قیمت آفر کرتے ہیں۔ niche advantage میں بھی comparative advantage یا differential advantage ہی حاصل کیا جاتا ہے لیکن فرق یہ ہوتا ہے کہ یہ عمل پوری مارکیٹ کی بجائے کسی خاص گروہ یا market segment کے لیے کیا جاتا ہے۔ یہ گروہ یا market segment ہر وقت بھی موجود ہوتا ہے یا کبھی کبھار کسی مخصوص وقت کے لیے بھی بن جاتا ہے۔ آپ کی کوشش یہ ہونی چاہیے کہ اس گروہ کی نشاندھی کر کہ اس کی ضروریات کے مطابق اپنی آفر کو ڈیزائن کیا جائے۔ آپ کا مقصد اس خلا کو پر کرنا ہے جو بڑی کمپنیاں چھوڑ دیتی ہیں۔ 


اپنے کاروبار یا کمپنی کا Competitive Advantage کیسے تلاش کریں؟


آپ کے کاروبار یا کمپنی کا Competitive Advantage وہی چیزیں ہیں جو آپ کے مقابلے میں دیگر کمپنیوں کے پاس نہیں ہیں۔ لیکن جیسے پہلے بھی ذکر ہو چکا ہے کہ Competitive Advantage کے لیے ضروری ہے کہ اس کی نقل کرنا اگر ناممکن نہیں ہوتا تو کم از کم مشکل ہوتا ہے۔ اپنے کاروبار میں Competitive Advantage کو تلاش کرنے یا develop کرنے کے لیے آپ کو بنیادی طور پر 3 کام کرنے ہیں۔


1 اپنے گاہکوں سے فیڈ بیک لیں۔


2 اپنی پروڈکٹ یا سروس کا اپنے مدمقابل کی پروڈکٹ اور سروس سے موازنہ کریں۔


3 اپنی کاروباری طاقت business strength کو 

مارکیٹ میں موجود مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے استعمال کریں۔ 


اپنے گاہکوں سے فیڈ بیک لیں




آپ کے گاہکوں کی طرف سے آپ کو جو معلومات ملتی ہے یہ بھی آپ کے کاروبار کا ایک بہت بڑا اثاثہ ہوتی ہے۔ اپنے موجود گاہکوں سے بھی معلومات لیں کہ وہ آپ کی پروڈکٹ یا سروس سے کس قدر مطمئن ہیں۔ اور ان گاہکوں سے بھی فیڈ بیک لیں جو فلحال تو گاہک نہیں لیکن آئندہ آپ کے گاہک ہو سکتے ہیں۔ ان دونوں طرح کے گاہکوں سے معلومات لینے کے لیے اپنا سوالنامہ تیار کریں۔ 

موجودہ گاہکوں کے لیے سوال


آپ کمپنی کے بارے میں کیا جانتے ہیں؟ 

کیا آپ ہماری ساری پروڈکٹس اور سروسز کے بارے میں جانتے ہیں؟ 

آپ نے ہماری کمپنی کا انتخاب کس خاص وجہ سے کیا؟ 

ہماری پروڈکٹس یا سروسز کی سب سے اچھی چیز کیا ہے؟ 

کونسی نئی پروڈکٹ یا سروس کمپنی کو مارکیٹ میں لانی چاہیے؟ 

آپ کی نظر میں ہمیں کس چیز میں مزید بہتری کی ضرورت ہے؟ اور وہ بہتری کیا ہونی چاہیے؟ 


ان گاہکوں کا سوالنامہ جو فلحال گاہک نہیں


کیا آپ کو کمپنی کا تعارف ہے؟

آپ ہماری جگہ دوسری کمپنی کی پروڈکٹ یا سروس کیوں استعمال کرتے ہیں؟ 

ہماری آفر دوسری کمپنی کی آفر سے کیسے مختلف ہے؟ 

آپ کے خیال میں ہماری آفر میں کس تبدیلی کی ضرورت ہے؟ 


ان معلومات کی غیر جانبداری کے لیے آپ کسی سروے کمپنی سے بھی خدمات لے سکتے ہیں۔ اپنے سوالات کو اس انداز میں تیار کریں کہ گاہک آسانی سے جوابات دے سکیں۔ اور ایسی معلومات ملیں جن کی روشنی میں آپ اپنی موجودہ آفر میں بہتری لا سکیں اور مزید نئی آفر بھی ترتیب دے سکیں۔ 


اپنے مدمقابل کی آفر کا اپنی آفر سے موازنہ 




اپنی پروڈکٹ یا سروس کا اپنے مدمقابل کی پروڈکٹ یا سروس انتہائی تفصیلی موازنہ سے کریں۔ دیکھیں کہ دونوں آفر میں کیا فرق ہے؟ یہ فرق کتنا ہے؟

 کیا یہ قیمت میں ہے یا کوالٹی میں ہے؟

 کیا یہ کسٹمر کئیر کا فرق ہے یا کاروباری ساکھ کا فرق ہے؟

 آپ کا مدمقابل کاروبار کس طرح اپنی مارکیٹنگ کرتا ہے؟ اس کی آفر میں کتنی ورائٹی ہے؟

 آپ کی آفر کس چیز میں اس سے کم ہے؟

 آپ کے مدمقابل کا کاروباری حجم کتنا ہے؟ اس کی سیلز کتنی ہیں؟ 

وہ اپنی آفر کی ایڈورٹائزنگ کہاں کہاں کر رہے ہیں؟ کیا ان کی ویبسائٹ ہے؟

 کیا وہ سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں؟ نئے مارکیٹ ٹرینڈ کیا ہیں؟ اور آپ کا مدمقابل آئندہ کس طرح کی آفر دے سکتا ہے؟ 

ان ساری معلومات کی روشنی میں آپ مارکیٹ کا، اپنے مدمقابل کی پالیسیوں کا، اور اپنی مارکیٹ پوزیشن کا بہترین تجزیہ کر سکتے ہیں۔ 



اپنی کاروباری طاقت business strength کو 

مارکیٹ میں موجود مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے استعمال کریں




ابھی تک آپ نے اپنے گاہکوں سے، مستقبل کے گاہکوں سے اپنی پروڈکٹ یا سروس سے متعلق فیڈ بیک لے لیا، آپ نے اپنے مدمقابل اور مارکیٹ کا مکمل تجزیہ بھی کرلیا ۔ اب اس آخری مرحلے میں آپ ان تمام معلومات کی روشنی میں اپنے لیے Competitive Advantage تلاش کریں گے۔  

اس کے لیے سب سے پہلے آپ اپنا کاروباری تجزیہ SWOT analysis کرتے ہیں۔ اب آپ اپنی مارکیٹ کی معلومات اور کاروباری تجزیے کو ملا کر اپنا Competitive Advantage کا فیصلہ کریں گے۔ 

اس میں کچھ کاروبار جارحانہ انداز اپناتے ہیں۔ وہ اپنے مدمقابل کی کمزوریوں کی نشاندہی کرتے ہیں اور مناسب مصنوعات یا خدمات پیش کرکے مارکیٹ میں موجود خلا کو پُر کرتے ہیں۔ اور دوسری طرف کچھ کاروبار دفاعی انداز اپناتے ہیں وہ اپنے مدمقابل کے مقابلے میں اپنی کمزوریوں  پر قابو پانے کے لئے اپنی کاروباری طاقت یا business strength کا استعمال کرتے ہیں۔


کسی بھی کاروبار کے لیے Competitive Advantage تو بہت ضروری ہے، لیکن اس کے بعد اس Competitive Advantage کو قائم رکھنا اس سے بھی زیادہ ضروری ہے۔ اس لیے کاروبار Sustainable Competitive Advantage بنانے کے لیے مسلسل محنت کرتے رہتے ہیں۔ 


 آئندہ کے مضمون میں اسی sustainable Competitive Advantage پر بات ہوگی انشاء اللہ











 

Comments

  1. Algunos usan chatbots, WhatsApp bots, formularios de contacto desde el sitio web, agendamiento electrónico y por supuesto agendamiento mediante marcaciones a la línea telefónica.
    WhatsApp bots

    ReplyDelete

Post a Comment

if you have any query, please let me know

Popular posts from this blog

How to scale your business

Three alarms can change your life for ever...! (Work smart)

How to get orders on Fiverr?